اٹک (حافظ نصرت علی خان) ممتاز تاجر راہنما، فاؤنڈر نائب صدر و سابق صدر اٹک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عارف رفیق نے کہا ہے کہ سولر نیٹ میٹرنگ کے ٹیرف میں حالیہ تبدیلی سرمایہ کاری کے ماحول کے لیے تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پہلے مراعات اور پرکشش ٹیرف دے کر کاروباری برادری اور عوام کو سولر سیکٹر میں سرمایہ کاری کی ترغیب دی گئی، مگر سرمایہ کاری کے بعد پالیسی میں تبدیلی اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔عارف رفیق کا کہنا تھا کہ ٹیرف میں کمی سے سرمایہ کاری کی واپسی کا دورانیہ بڑھ جائے گا، جس سے چھوٹے تاجر، صنعتکار اور گھریلو صارفین متاثر ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ سولر صارفین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے اور آئندہ کسی بھی پالیسی تبدیلی سے قبل اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے تاکہ قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں استحکام اور سرمایہ کاری کا تسلسل برقرار رہ سکے۔