یوتھ لیگ کے زیرِ اہتمام 14 اگست، جشنِ آزادی پاکستان کے موقع پر ایک پُروقار اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اہلِ علاقہ، طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری علی زمان چشتی نے حاصل کی جب کہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ ماسٹر نعیم اختر نقشبندی نے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ پیش کی۔ اس موقع پر الصفہ اسلامک پبلک سیکنڈری اسکول کے ہونہار طلبہ نے جشنِ آزادی کے حوالے سے خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ حاضرین نے مل کر قومی ترانہ پڑھا جبکہ پاکستان کی سالگرہ کے طور پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا۔ یوتھ لیگ کا سپاس نامہ بھی پیش کیا گیا جس میں تنظیم کی خدمات اور مشن کو اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں حالیہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کی خدمت اور فن و ادب میں نمایاں کردار ادا کرنے والی شخصیات کو بھی خصوصی اعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔ ان میں معروف پوٹھواری شاعر مرزا یاسر کیانی، سابق ہیڈ ماسٹر ملک اللہ دتہ، شہزاد حنیف، حافظ محمد رمضان اعوان، ظہیر سپرو، حاجی محمد شریف نقشبندی اور ممبر پاکستان سنسر بورڈ محمد ظریف راجا شامل ہیں۔
مہمانِ خصوصی محمد ظریف راجا نے اپنے خطاب میں یوتھ لیگ کے سماجی و فلاحی کردار کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تنظیم کے صدر آصف خورشید سمیت اہم عہدیداران خرم نوید، عامر اعوان، ظہیر سلطان قریشی، ساجد حسین سیفی اور عباس کیانی کی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔ تقریب کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے صاحبزادہ محمد عاصم شریف نقشبندی نے خصوصی دعا کرائی جس میں شرکاء نے دل کی گہرائیوں سے آمین کہا۔ یوتھ لیگ کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ آئندہ بھی نوجوان نسل میں حب الوطنی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے اس نوعیت کی تقریبات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
آصف خورشید