455

راٹھوعہ ہریام پل وفاقی حکومت کا بڑا منصوبہ ہے، سردار مسعود

مظفرآباد(پنڈی پوسٹ نیوز)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے میرپور میں طویل عرصے سے زیر تکمیل عوامی اہمیت کے حامل راٹھوعہ ہریام پل کی جلد تکمیل اور میرپور میں ترسیل آب اور سیوریج منصوبے کی فوری تکمیل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں اور آزاد کشمیر کے محکموں پر زور دیا ہے کہ ان دونوں منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹو ں کو دور کر کے ان کی فوری تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ راٹھوعہ ہریام پل میرپور کے بارے میں آڈیٹر جنرل آزاد جموں و کشمیر کی سپیشل رپورٹ برائے آڈٹ سال 20-2019 پیش کیے جانے اور ایوان صدر مظفرآباد میں محکمہ فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کی جانب سے میرپور سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مکمل ہونے والے، زیر تکمیل اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں دی گئی بریفنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ راٹھوعہ ہریام پل وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے جسے منگلا ڈیم توسیع منصوبے کے ساتھ مکمل ہونا تھا لیکن بد قسمتی سے 97 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہونے کے باوجود یہ منصوبہ تا حال نا مکمل ہے جس سے میرپور، اسلام گڑھ، چکسواری اور ڈڈیال کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہونے سے ان علاقوں کے عوام کو جو سہولت ملنی چاہئے وہ نہیں مل سکی۔ انہوں نے کہا کہ اس پل کی تعمیر سے میرپور اسلام گڑھ شاہراہ کے ذریعے تجارت اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کو براہ راست میرپور سے ملانے اور علاقے میں سیاحت کے حوالے سے سرگرمیوں سے حکومت اور عوام کو جو معاشی فوائد ملنے تھے ان سے بھی وہ تا حال محروم ہیں۔ اس لیے ہم واپڈا، وفاقی اداروں اور آزاد کشمیر کے متعلقہ محکموں سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ ان دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے ان کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنا کر عوام کے مشکلات کا ازالہ کریں گے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ راٹھوعہ ہریام پل کو مکمل کرنے اور میرپور میں پانی کی ترسیل اور سیوریج کے منصوبے کی تکمیل برطانیہ اور دوسرے ملکوں میں آباد سمندر پار کشمیریوں کا بھی بڑا دیرینہ مطالبہ ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے ادارے ان دونوں منصوبوں کی جلد تکمیل کو ممکن بنا کر میرپور اور ملحقہ علاقوں کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا کریں گے۔ راٹھوعہ ہریام پل کے بارے میں آڈٹ رپورٹ ڈائریکٹر جنرل آڈٹ آزاد جمو ں و کشمیر محمد حسن رانا نے ایوان صدر مظفرآباد میں صدر آزاد کشمیر کو پیش کی جبکہ محکمہ ہاؤسنگ و فزیکل پلاننگ کے بارے میں محکمانہ بریفنگ محکمہ کے سیکرٹری منصور قادر ڈار نے دی

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں