راولپنڈی کے نواحی علاقوں میں منہ کھر کی بیماری کی وبا،متعدد مویشی ہلاک

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) راولپنڈی کے نواحی علاقوں میں منہ کھر کی بیماری شدت اختیار کر گئی، یونین کونسل مغل اور لوہدرہ سمیت مختلف دیہات میں درجنوں جانور اس خطرناک وبا کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ وبا کے باعث متعدد قیمتی مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ بیماری تیزی سے دیگر جانوروں میں بھی پھیل رہی ہے۔

موہڑہ بھٹاں کے رہائشی فضل کریم کی گائے منہ کھر کا شکار ہو کر دم توڑ گئی جبکہ ایک اور گائے کی ہلاکت کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ مقامی مویشی پال حضرات نے بتایا کہ بیماری کے باعث جانور خوراک چھوڑ دیتے ہیں اور چند دن میں لاغر ہو کر مر جاتے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب نے وبا پر قابو پانے کیلئے تاحال کوئی سنجیدہ اقدامات نہیں کئے جس کی وجہ سے کسان اور مویشی پال حضرات قیمتی جانوروں سے محروم ہو رہے ہیں اور انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔

متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لے کر ویکسی نیشن اور دیگر ہنگامی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ بیماری پر قابو پایا جا سکے اور مزید جانوروں کی ہلاکت روکی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں