راولپنڈی ڈینگی اور تجاوزات کے خلاف کارروائی 28 عمارتیں سیل

راولپنڈی (نامہ نگار) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت آر ڈی اے انفورسمنٹ اسکواڈ کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ وزیر ٹاؤن اور گرجا روڈ پر ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 28 عمارتوں کو سیل کر دیا گیا۔

ترجمان آر ڈی اے کے مطابق، جی ٹی روڈ پر سواں پل سے لے کر ہمرائی بس اسٹینڈ تک تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات اور رکاوٹوں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ بغیر این او سی کی تعمیرات کے خلاف پنجاب ڈویلپمنٹ ایکٹ کے تحت کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تجاوزات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

آر ڈی اے نے شہریوں، بلڈرز اور تعمیراتی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام تعمیرات کے لیے باقاعدہ اجازت نامہ اور این او سی حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

ڈی جی آر ڈی اے نے انسدادِ ڈینگی مہم کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے ادارے کی ٹیموں کی کارروائیوں کو سراہا اور اس مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔