راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث گزشتہ روز بند کیے گئے راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے اب جزوی طور پر کھول دیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی سہولت کے پیش نظر فیض آباد انٹرچینج، مری روڈ، سوان پل، راول روڈ، شمس آباد، سکستھ روڈ اور کھنہ پل سمیت مختلف مقامات پر ٹریفک جزوی طور پر بحال کر دی گئی ہے۔
تاہم بعض حساس مقامات جیسے ایچ نائن، آئی ایٹ اور نائنتھ ایونیو پر اب بھی جزوی بندش برقرار ہے، اور سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر صورتِ حال قابو میں ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، موبائل انٹرنیٹ سروس راولپنڈی اور اسلام آباد کے بعض علاقوں میں بدستور جزوی طور پر معطل ہے، جس سے شہریوں اور طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔جب کہ مضافاتی علاقوں روات کلرسیداں اور گوجرخان میں سروس بحال ہورہی ہے
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کے استعمال کو ترجیح دیں۔