انگلینڈ سے آئے ہوئے روزنامہ سسٹم لاہور کے بیورو چیف ثاقب سلیم ملک نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران معروف صحافی و کالم نگار اقبال زرقاش سے ملاقات کی، جس میں ملکی صورتحال اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ثاقب سلیم ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے دل ہمیشہ وطنِ عزیز کے ساتھ دھڑکتے ہیں، لیکن وطن کی موجودہ معاشی ابتری اور عوامی مشکلات انہیں دل گرفتہ کیے رکھتی ہیں۔ خصوصاً مہنگی بجلی نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے مگر یہاں عام شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بدتر سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ عوام اپنے گھروں کے بجلی کے بل تک ادا کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لیتیں۔
ثاقب ملک نے کہا کہ جب تک پاکستان کا ایک عام شہری خوشحال نہیں ہو جاتا، حکمرانوں کے ترقی کے دعوے محض لفظی دھوکہ ہیں۔ دیارِ غیر میں موجود ہر پاکستانی اس صورتحال پر فکر مند اور پریشان ہے، اور وہ وطن کی بہتری کے لیے ہمیشہ دعا گو رہتا ہے۔