ملتان میں دھی رانی پروگرام کے تحت 79 اجتماعی شادیاں، مریم نواز کی جانب سے ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے سلامی

ملتان (حذیفہ اشرف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “دھی رانی پروگرام” کے تحت ملتان میں اجتماعی شادیوں کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں 79 مستحق جوڑے رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوئے، جن میں ایک مسیحی جوڑا بھی شامل تھا۔تقریب کی صدارت صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کی، جنہوں نے اس موقع پر بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو دو لاکھ روپے سلامی کے طور پر دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے پنجاب کی بیٹیوں کے لیے ایک ماں کی طرح سوچا ہے، اور اسی جذبے کے تحت پانچ ہزار سے زائد اجتماعی شادیاں صوبے بھر میں کرائی جا چکی ہیں۔سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ یہ پروگرام مریم نواز کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقصد غریب اور نادار خاندانوں کی بیٹیوں کو باعزت زندگی کا آغاز فراہم کرنا ہے۔ تقریب میں شریک جوڑوں اور اہلِ خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس قدم کو خوشحال معاشرے کی جانب ایک مثبت اقدام قرار دیا۔