دولتالہ (نمائندہ خصوصی) گزشتہ رات دولتالہ کے علاقے میں ہاشم اسپتال کے عقب میں واقع کاشی ہونڈا سینٹر پر ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی۔ تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گن پوائنٹ پر دکانداروں کو یرغمال بنا کر نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔ واردات کے دوران ڈاکوؤں نے دکانداروں پر تشدد بھی کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق ملزمان نے اپنے چہرے ہیلمٹ اور ماسک سے ڈھانپ رکھے تھے، جس کے باعث ان کی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔ واردات کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دولتالہ میں آئے روز بڑھتے ہوئے جرائم نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے قابو میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔
تھانہ جاتلی پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔