دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو خلوص، محنت اور لگن کو اپنا شعار بناتی ہیں: ڈاکٹر بشری خالد ملک

رفاء انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے بیسویں کانوکیشن میں ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کرنے والی ہونہار گریجویٹ ڈاکٹر بشری خالد ملک نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے علم اور صلاحیتوں کو انسانیت کی بے لوث خدمت کے لیے وقف کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خلوص، محنت اور لگن ہی کسی معاشرے کی حقیقی ترقی کا بنیادی اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بے حد شکر ہے جس نے انہیں ڈاکٹر بننے کی سعادت عطا کی۔ ’’آج کا دن میری زندگی کا ایک یادگار لمحہ ہے۔ میری یہ کامیابی میرے والدین اور اساتذہ کی دعاؤں اور رہنمائی کا ثمر ہے،‘‘ ڈاکٹر بشری نے بتایا۔

اپنے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ عملی زندگی میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مریضوں کو معیاری طبّی سہولیات فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایسی ڈاکٹر بننا چاہتی ہیں جو نہ صرف علاج کرے بلکہ مریض کی تکلیف کو دل سے محسوس بھی کرے، کیونکہ صحت کی بنیادی سہولتیں ہر انسان کا بنیادی حق ہیں۔

کانوکیشن کی تقریب میں طلبہ، اساتذہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ کامیاب طلبہ کو مبارک باد پیش کی گئی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر بشری خالد ملک معروف ماہرِ تعلیم، شاعر، ادیب اور ایڈووکیٹ خالد ملک کی صاحبزادی ہیں، جن کا تعلق چھچھ (اٹک) سے ہے۔