جیلوں میں قید منشیات ملزمان کی ایڈمن بلاک میں ملاقات پر پابندی عائد 192

جیلوں میں قید منشیات ملزمان کی ایڈمن بلاک میں ملاقات پر پابندی عائد

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ)ہوم سیکرٹری پنجاب نور الامین مینگل کی ہدایت پر پنجاب کی جیلوں میں منشیات کے مقدمات میں ملوث اسیران کی انکے لواحقین سے ایڈمن بلاک میں ملاقات پر فوری پابندی عائد .عوامی حلقوں سے پنجاب کی جیلوں میں منشیات کی دستیابی کی شکایات کی موصولی کے پیشِ نظر منشیات کے مقدمات میں ملوث اسیران کی انکے لواحقین سے ایڈمن بلاک میں ملاقات پر ہوم سیکریٹری پنجاب کی جانب سے فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جیسا کہ بدنام زمانہ منشیات فروش جیلوں کے اندر منشیات سمگل کرنے کیلئے سرگرم ہیں اور جیلوں میں منشیات سپلائی کا ایک اہم ذریعہ ایڈمن بلاک میں اسیران کے ساتھ فزیکل ملاقات کو سمجھا جاتا ہے ، جو کہ محکمہ کیلئے بدنامی کا باعث ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق کا کہنا ہے کہ منشیات کے مقدمات میں ملوث اسیران کی ایڈمن بلاک میں ملاقات پر عائد پابندی سے نہ صرف منشیات فروشوں اور منشیات کے عادی اسیران کی حوصلہ شکنی ہو گی بلکہ جیلوں کے اندر ممنوعہ اشیاء بشمول نشہ آور مواد کو بھی روکا جا سکے گا ، جس سے سیکیورٹی نظام میں بھی بہتری آئے گی۔
تمام سپرٹینڈنٹ جیلز کو منشیات کے مقدمات میں ملوث اسیران کی انکے لواحقین سے ایڈمن بلاک میں ملاقات نہ کروانے کے حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان ہدایات پر عمل درآمد میں سستی و کوتاہی کی صورت میں متعلقہ سپرٹینڈنٹ جیل کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں