لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے جلاو گھیراو کیس میں ملوث تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے گرفتار افراد کی سماعت کے دوران 20 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ 98 افراد کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 20 گرفتار ملزمان سے تفتیش مکمل کرنا باقی ہے، جن سے مزید انکشافات متوقع ہیں، اس لیے ان کا جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ان 20 افراد کو چند روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
دوسری جانب عدالت نے 98 ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا، جنہیں آئندہ سماعت پر دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان پر لاہور میں حالیہ احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ، عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں پر حملوں کے الزامات ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو تفتیشی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔