37

تھانہ کھنہ کی حدود میں صحافت کے نام پر لائبہ خان نامی مبینہ بلیک میلر گروہ سرگرم

اسلام آباد (کرائم رپورٹر سے) وفاقی دارالحکومت کے علاقے تھانہ کھنہ کی حدود میں صحافت کی آڑ میں بلیک میلنگ کا مبینہ گروہ سرگرم ہو گیا ہے، جس کی قیادت ایک خاتون ل خ نامی کر رہی ہے، جو خود کو مختلف مواقع پر کرائم رپورٹر ظاہر کر کے شہریوں سے رقم بٹورنے میں ملوث بتائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق لائبہ اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ مختلف مقامات پر جا کر خود کو “سپر ٹائم” نامی یوٹیوب چینل کا نمائندہ ظاہر کرتی ہے اور کرائم رپورٹنگ کے نام پر لوگوں کو بلیک میل کر کے مالی فوائد حاصل کرتی ہے۔ متاثرین کا دعویٰ ہے کہ یہ گروہ “خاتون ہونے” کا ناجائز فائدہ اٹھا کر دباؤ ڈالتا ہے اور اس کے خلاف کارروائی کرنے میں انتظامیہ بھی تذبذب کا شکار دکھائی دیتی ہے۔متعدد شہریوں نے بتایا کہ انہوں نے اس گروہ کی سرگرمیوں سے متعلق متعلقہ انتظامیہ کو بارہا آگاہ کیا، تاہم اب تک کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جو خود انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔متاثرین نے آئی جی اسلام آباد، صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد، اور صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ صحافت جیسے مقدس پیشے کو بدنام ہونے سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایسے جعلی صحافیوں کے خلاف ایک مؤثر اور شفاف نظام متعارف کروانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ اصل صحافیوں کا وقار محفوظ رہ سکے اور عوام بھی جعلی رپورٹرز کے ہاتھوں بلیک میل ہونے سے بچ سکیں۔

خبر پر اظہار رائے کریں