تھانہ روات کی حدود میں چوری نقب زنی کی بڑھتی وارداتیں پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے

راولپنڈی تھانہ روات کے علاقے ڈھوک میجر میں چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، جہاں ایک ہی ہفتے کے دوران چوتھی واردات نے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باوجود پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
متاثرہ افراد کے مطابق، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے کے باوجود فوری مدد فراہم کرنے کے بجائے شہریوں کو خود تھانے آنے کا کہا جاتا ہے، جو کہ پولیس کی غیر سنجیدہ رویے کی عکاسی کرتا ہے۔ شہریوں نے اس عمل کو “نرالی منطق” قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ چوری کی پے در پے وارداتوں کے باوجود تھانہ روات کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے مزید بلند ہو رہے ہیں۔ عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے “مٹی پاؤ” پالیسی اپنائی جا رہی ہے، جس کے باعث شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ روات کے ایس ایچ او کی ناقص کارکردگی کا فوری نوٹس لیا جائے اور علاقے میں گشت بڑھا کر چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، تاکہ عوام میں پائے جانے والے خوف کو ختم کیا جا سکے۔