روات (نمائندہ خصوصی) تھانہ روات کی حدود میں واقع کھیتوں سے ایک نوجوان کی تشدد زدہ نعش برآمد ہوئی ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتول کی شناخت نعمان ولد نور زمان قوم تنولی کے طور پر ہوئی ہے، جو کہ روڑیہ پڑھیہ، تحصیل و ضلع مانسہرہ کا رہائشی تھا اور حالیہ دنوں میں پکھوال، روات میں مقیم تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نعش کو ابتدائی معائنے کے بعد واضح تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے نامعلوم افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ مقتول کے ورثاء کو اطلاع دے دی گئی ہے اور علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔