تعلیمی کیریئر کو بہتر بنانے کے لیے طلباء کی درست رہنمائی ضروری ہے: طالب علم رہنما چوہدری حسن علی

ٹیکسلا۔ سٹوڈنٹ رہنماچوہدری حسن علی نے کہا ہے کہ یونیورسٹیوں میں داخلے زور و شور سے جاری ہیں مگر طلبہ کو درست مشورہ دینے کے لیے کوئی موجود نہیں، طلباء کے تعلیمی کیریئر کی بہتری کے لیے درست رہنمائی ضروری ہے۔ آئی ٹی سیکٹر کی واہ واہ اور معاشرے کے دباؤسے طلبہ غلط فیصلے کرنے پہ مجبور ہیں۔ یونیورسٹی ایک طالب علم کی زندگی کا وہ پہلو ہوتا ہے جس میں اس کے مستقبل کی بنیاد بنتی ہے اور اگر اس بنیاد میں ہی کمی ہوگی تو مستقبل کیسے روشن ہوسکتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے بیان میں کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایک طالب علم کو اس فیلڈ میں جا نا چاہیے جس کا اسے شوق ہو اور وہ اس فیلڈ میں کچھ کر کے دکھانا چاہتا ہو، بجائے اس کے کہ معاشرے کے دباؤ میں آکر یا اس وقت کے ٹرینڈ کو دیکھ کر بنا سوچے سمجھے کوئی فیصلہ خود پر مسلط کر لے۔

یہ ذمہ داری والدین اور اساتذہ کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو درست مشورہ دیں اور حکومت پاکستان کی بھی ذمہ داری ہے کہ جن نوجوانوں نے آگے جاکر اس ملک کی تعمیر و ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے ان کے لیے ایسا ادارہ قائم کرے جو ان کی مناسب رہنمائی کرے تاکہ مستقبل کے معمار وطن اپنی توانائیاں بہتر انداز میں صرف کریں اور نئی جدت کے لیے کام کریں۔