136

ایس ڈی پی اوکہوٹہ کی دوبیرن کلاں میں کھلی کچہری

دوبیرن کلاں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)ایس ڈی پی او کہوٹہ سرکل مرزا طاہر سکندر نے کلر سیداں کی یونین کونسل دوبیرن کلاں میں منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنے محدود وسائل کے باوجود جرائم کی شرح پر ہر ممکن طریقے سے قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جرائم ختم نہیں ہو سکتے مگر انہیں کم ضرور کیا جا سکتا ہے،برائی کو جہاد سمجھ کر ختم کرنے میں ہماری مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر پولیس اکیلی کچھ نہیں کر سکتی۔انہوں نے مقامی تاجروں پر زور دیا کہ وہ شہر میں چوکیدارہ نظام کو فعال کریں اور سی سی ٹی وی کیمرے نصیب کریں تا کہ چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کلر سیداں شہر میں موبائل فونز شاپش پر ڈکیتی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے ان سے مسروقہ مال برآمد کر لیا گیا ہے۔منشیات فروشی ایک لعنت ہے جسے عوام کے تعاون کے بغیر ختم کرنا ممکن نہیں۔عوام نشاندہی کریں ہم کارروائی کریں گے۔ماضی میں نمبرداری نظام کے باعث علاقہ میں کرائم کی شرح بہت کم تھی۔پہلے دور میں پولیس کو سب پتہ ہوتا تھا مگر اب سوشل میڈیا نے ہمارے لئے آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شادیوں پر ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی قطعی طور پر اجازت نہیں اگرکوئی ایسا کرتا ہے تو فوری طور پر پولیس کو اگاہ کریں، دلہا، اس کے والدین اور فائرنگ میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔سابق وائس چیئرمین محمد بشارت نے شکایت کی کہ دوبیرن شہر میں بھکاریوں کی روپ میں نوجوان اور خوبرو لڑکیاں جسم فروشی کا دھندہ کرتی ہیں جس سے ہماری نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔انہوں نے ٹریفک مسائل پر قابو پانے کیلئے ٹریفک وارڈن کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا۔چوہدری محمد فیصل نے شکایت کی کہ دوبیرن کلاں میں منشیات فروشی کا دھندہ عروج پر ہے پولیس کے علم میں ہونے کے باوجود وہ منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی نہیں کرتی۔حاجی غلام رسول نے بتایا کہ یونین کونسل میں سستے آٹے کے 100 بیگ آٹا فراہم کیا جاتا ہے جو ناکافی ہے، آٹے کے کوٹے میں اضافہ کیا جائے۔محمد یاسر سکنہ سہر نے شکایت کی کہ محمد صغیر اور اس کی بیوی نے کتا چھوڑ کر اس کی قیمتی گائے کو زخمی کروا دیا، مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس میاں بیوں کو گرفتار نہیں کر رہی۔میرزمان نے شکایت کی کہ ایک سال قبل اس کی ساڑھے چار ہزار کے قریب اینٹیں چوری کر لی گئی تھی، تھانے میں درخواست جمع کروانے کے باوجود ابھی تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔سابق چیئرمین یوسی دوبیرن کلاں راجہ ندیم احمد،کاروباری شخصیت چوہدری خضران.خان شبیر خان ۔راجہ یاسر علی ۔راجہ غلام۔عباس ۔راجہ صفدر سابقہ کونسلر سمیت سیاسی سماجی اور کاروباری حلقوں نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں