واہ کینٹ۔ عرفان سعید اور عمارہ اشتیاق نے سنگلز ٹائٹل جیت لیا – ایس این جی پی ایل آل پاکستان بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام۔
پی او ایف اسپورٹس کمپلیکس واہ کینٹ میں منعقدہ ’’پہلا ایس این جی پی ایل آل پاکستان رینکنگ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ‘‘ شاندار اختتام کو پہنچ گیا، جس میں پاکستان واپڈا کے عرفان سعید اور پاکستان آرمی کی عمارہ اشتیاق نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں فتح حاصل کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔ ڈبلز مقابلوں میں بھی زبردست مقابلے دیکھنے کو ملے۔ مردوں کے ڈبلز فائنل میں محمد علی لروش (واپڈا) اور راجہ ذوالقرنین حیدر (آرمی) نے محمد عدنان اور عامر سعید (دونوں واپڈا) کو تین سیٹوں کے سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دی۔ خواتین کے ڈبلز مقابلے میں واپڈا کی غزالہ صدیق اور آرمی کی عمارہ اشتیاق نے ایس این جی پی ایل کی زبیرہ اسلام اور امامہ عثمان کو سخت مقابلے کے بعد ہرایا۔
مردوں کا سنگلز فائنل:
عرفان سعید (واپڈا) نے محمد علی لروش (واپڈا) کو سیدھے سیٹوں میں شکست دی – 21-9، 21-12 خواتین کا سنگلز فائنل:
عمارہ اشتیاق (آرمی) نے الیجہ طارق (آرمی) کو 21-18، 21-12 سے ہرایا
مردوں کا ڈبلز فائنل:
محمد علی لروش (واپڈا) اور راجہ ذوالقرنین حیدر (آرمی) نے محمد عدنان اور عامر سعید (واپڈا) کو 21-12، 16-21، 21-14 سے شکست دیخواتین کا ڈبلز فائنل:
غزالہ صدیق (واپڈا) اور عمارہ اشتیاق (آرمی) نے زبیرہ اسلام اور امامہ عثمان (ایس این جی پی ایل) کو 21-16، 21-19 سے ہرایا
خواتین کا ڈبلز فائنل:
غزالہ صدیق (واپڈا) اور عمارہ اشتیاق (آرمی) نے زبیرہ اسلام اور امامہ عثمان (ایس این جی پی ایل) کو 21-16، 21-19 سے ہرایا
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایس این جی پی ایل کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر، جناب ساقب ارباب تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، تمغے اور مجموعی طور پر 8 لاکھ 40 ہزار روپے کی نقد انعامی رقم تقسیم کی۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی اور جذبے کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل، راجہ اظہر محمود نے ایس این جی پی ایل اور پی او ایف انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی معاونت اور بہترین سہولیات کے باعث یہ ٹورنامنٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر شرکاء اور منتظمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بیڈمنٹن جیسے صحت مند کھیل کو ملک بھر میں فروغ دینے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے بہتر مواقع میسر آئیں۔