ایبٹ آباد(حسین معاویہ)یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اسلامی جمعیت طلبہ نے بروز سموار یونیورسٹی انتظامیہ کی پیشگی اجازت کے بغیر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس سے قبل بعض طلباء کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر معطل کیا گیا تھا، جس کے ردِ عمل میں طلبہ تنظیم نے مرکزی دروازے کے سامنے دھرنا دے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے طلباء رہنماؤں سے مذاکرات کیے اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ کی جانب سے ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو واقعے کی مکمل رپورٹ آئندہ 48 گھنٹوں میں وائس چانسلر کو پیش کرے گی۔
طلباء کو بتایا گیا کہ ان کے جائز مطالبات کو مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت حل کیا جائے گا۔ اس موقع پر رجسٹرار ایبٹ آباد یونیورسٹی نے واضح کیا کہ ادارے کا کسی بھی سیاسی یا مذہبی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی کسی کو یونیورسٹی میں بد نظمی یا قانون شکنی کی اجازت دی جائے گی۔