ٹیکسلا ۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا ہے کہ اگر موجودہ سسٹم کوڈی ریل کیا گیا تو جمہوریت سمیت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے، موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کریگی اور جنرل الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے،
اگلے وزیر اعظم بلاول بھٹو ہوں گے، ہماری قوم دلیر قوم ہے، 26 کروڑ عوام افواج پاکستان اور دفاعی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اگر جانیں قربان کرنے کا وقت آیاتو بھی دریغ نہیں کریں گے،اسرائیل ایران جنگ میں پاکستان کا کردار بالکل واضح رہا ہے،
پاکستان ایک ناقابل تسخیر قلعہ ہے اور اس کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، دنیا بھر کی نظریں اس وقت پاکستان پر لگی ہوئی ہیں، پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی واضح کامیابی اور ایران اسرائیل جنگ کے بعد پاکستان کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے کرسچین ہسپتال ٹیکسلا میں نئے وارڈز کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا،
اس موقع پرسابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی سردار ذوالفقار حیات، ملک نجیب الرحمن ارشد، سید ضیاء حسین شاہ،سابق وائس پریذیڈنٹ کینٹ بورڈ واہ کینٹ ملک عارف محمود، میجر ایون اعجاز بھٹی،جبران گل صدر پی پی پی پنجاب منیارٹی ونگ، ڈاکٹر مجید، پادری عارف سراج، اعجازسہوترا، البرٹ ڈیوڈ، سید جابر شاہ ایڈووکیٹ، ملک بشیر احمد، ملک عامر کولیاں،راجہ اعجاز گوہر، راجہ ظریف ستی،ملک اسرار احمد، پیپلز لیبر بیورو تحصیل ٹیکسلا کے صدر راجہ منصور عباسی،چوہدری امین، فیصل نقیبی، ڈائریکٹر کرسچین ہسپتال ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ، ڈاکٹر شکیل، وکٹر نثار سمیت ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف بھی موجود تھا،
سردار سلیم حیدر خان نے مزیدکہا کہ پاک بھارت جنگ کو ہمارے سپہ سالار اور ہماری سیاسی قیادت نے بہت خوبصورت انداز سے لڑا، سفارتی سطح پر پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے جس خوبصورت انداز سے پاکستان کا مقدمہ عالمی اداروں کے سامنے پیش کیا اور نشریاتی اداروں کے ساتھ رابطے میں رہ کر پاکستان کا موقف بتایاوہ قابل تحسین ہے، ہندوستان کو عالمی میڈیا سمیت، سفارتی، سیاسی و عسکری تمام محاذوں پر شکست ہوئی،
گورنر پنجاب نے کرسچن ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ گفت و شنید کی اور ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی،ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ نے انھیں کرسچین ہسپتال کے متعلق خصوصی بریفنگ دی گورنر پنجاب نے ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ اور انکی ٹیم کی انسانیت کے لئے خدمات کو سراہا اور علاج معالجے میں غریب عوام کے لئے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پرملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی، ڈائریکٹر کرسچین ہسپتال ڈاکٹر ندیم ڈیوڈ نے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا