اڈیالا روڈ دھاماں موڑ سے گلشن آباد تک تجاوزات کی لپیٹ میں آگئی

پنڈی پوسٹ نیوز
راولپنڈی کی مصروف ترین شاہراہ اڈیالا روڈ دھاماں موڑ سے گلشن آباد تک تجاوزات کی لپیٹ میں آ چکی ہے جہاں سڑک کے کنارے قائم ریڑھیوں اور عارضی اسٹالز نے ٹریفک کی روانی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر لگنے والے ٹریفک جام نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق سڑک سکڑ کر رہ گئی ہے جبکہ پیدل چلنے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اہلکار صرف موٹر سائیکل سواروں کے چالان کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں لیکن تجاوزات کے خاتمے کے لیے کوئی عملی اقدام نظر نہیں آتا۔ دوسری جانب راولپنڈی میونسپل کارپوریشن اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ ریڑھی مافیا کھلے عام من مرضی کے نرخ وصول کر رہا ہے اور کسی قسم کا خوف محسوس نہیں کرتا۔

اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو اڈیالا روڈ پر ٹریفک کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو سکتا ہے۔ شہریوں نے شفاف آپریشن اور مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو روزانہ کی اذیت سے نجات مل سکے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.