انتہائی خطرناک انداز سے گاڑی چلانے والا ملزم گرفتار

اسلام آباد(آصف شاہ،نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسلام آباد پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خطرناک ویڈیو میں ملوث تھا۔ گرفتار شخص کی شناخت وقار کے نام سے ہوئی ہے جو جھنگی سیداں، اسلام آباد کا رہائشی ہے۔ ملزم کو بحرہ ٹاؤن فیز 4 کورنش روڈ پر گاڑی کو پاؤں سے چلاتے اور خود ڈرائیونگ سیٹ پر کھڑے ہو کر اپنی بالائی نصف جسم سن روف سے باہر نکالتے ہوئے دیکھا گیا۔ یہ سڑک نہایت مصروف ہے اور ملزم کا یہ عمل عوام کے لیے نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔
یہ معاملہ تھانہ لوہی بھیر کے دائرہ کار میں آیا جس پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد جواد طارق نے اس کارروائی کی ذمہ داری ایس ایس پی آپریشنز شعیب خان اور ایس ایس پی ٹریفک حمزہ ہمایوں کو سونپی جنہوں نے ایس پی سوان خرم اشرف کی نگرانی میں ایس ایچ او لوہی بھیر فواد خالد کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔اس خصوصی ٹیم نے سیف سٹی کیمروں، آئی ٹی اور ہیومن ریسورسز سمیت تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ وقار اس وقت پولیس حراست میں ہے اور اس نے اپنی حرکت پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو بیان بھی دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس خصوصی ٹیم کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ پولیس محکمہ اس بات پر کاربند ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ یہ واقعہ آئی جی اسلام آباد اور ان کی ٹیم کی بہترین کمانڈ کا مظہر ہے۔