اسلام آباد:پولیس کا غیر اخلاقی سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈاؤن 41 افراد گرفتار


سہالہ (حماد چوہدری) اسلام آباد پولیس کے ساون ڈویژن نے غیر اخلاقی سرگرمیوں اور تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 41 افراد کو گرفتار کر لیا۔ یہ خصوصی کریک ڈاؤن SSP آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لایا گیا۔کارروائی کی نگرانی SP ساون سرکل خرم اشرف نے کی جبکہ آپریشن کی قیادت SHO تھانہ لوہی بھیر فواد خالد نے کی، جن کی پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور مؤثر نگرانی کے باعث علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف واضح پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق SHO فواد خالد کی تعیناتی کے بعد تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں غیر اخلاقی سرگرمیوں، عوامی شکایات اور قانون شکنی میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق کارروائیاں 10 جنوری 2026 کو مختلف مقامات پر عمل میں لائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق مقدمہ نمبر 34/26 (دفعہ 294 PPC) کے تحت غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث 16 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر امیر علی سومرو کر رہے ہیں۔اسی طرح مقدمہ نمبر 33/26 (دفعہ 8/9/10/11 تمباکو نوشی ایکٹ) کے تحت 18 افراد کو گرفتار کیا گیا، اس مقدمے کے تفتیشی افسر ASI محمد ریفان مقرر ہیں۔مزید برآں مقدمہ نمبر 32/26 (دفعہ 294 PPC) کے تحت 7 افراد کو حراست میں لیا گیا، جن کی تفتیش سب انسپکٹر عرفان اشرف کر رہے ہیں۔پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اس موقع پر بتایا کہ SHO فواد خالد کی سربراہی میں تھانہ لوہی بھیر پولیس نے علاقے میں جرائم کے خاتمے، عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق غیر اخلاقی سرگرمیوں، عوامی بے راہ روی اور تمباکو نوشی ایکٹ کی خلاف ورزیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے کریک ڈاؤن آئندہ بھی جاری رہیں.