اسلام آباد کے علاقہ ترلائی میں واقع امام بارگاہ میں خودکش دھماکہ کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کا تعلق کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور کو سکیورٹی گیٹ پر روکے جانے کی کوشش کی گئی، اسی دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کے فوری بعد پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی اقدامات سخت کر دیے گئے۔ ریسکیو اداروں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ طبی عملے کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی حکام کے مطابق حملے کے محرکات اور پس منظر سے متعلق مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں