اسلام آباد (کرائم رپورٹر)
کہوٹہ روڈ چکیاں سٹاپ پر رات گئے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ بنارس اکبر ولد غلام اکبر سکنہ چکیاں، جو آرمی سے ریٹائرڈ تھے، فجر کی اذان سے کچھ لمحے قبل تہجد کی نماز ادا کرنے کے بعد سڑک عبور کر رہے تھے کہ اچانک ایک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔ خوفناک حادثے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی کی رفتار غیر معمولی طور پر تیز تھی جبکہ ڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔ گاڑی کا نمبر اور ڈرائیور کی شناخت تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ جاں بحق ہونے والے کی میت کو بعد ازاں پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
حادثے کے بعد علاقے میں رنج و غم کی فضا قائم ہے، جبکہ مقامی افراد نے کہوٹہ روڈ پر تیز رفتاری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے۔
