اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پولیس کی غنڈہ گردی انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ پولیس اہلکار اچانک پریس کلب کے کیفے ٹیریا میں داخل ہوئے، توڑ پھوڑ کی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ کے دوران پولیس نے صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا، جس پر صحافتی حلقوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہے۔
صحافی برادری نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں، خصوصاً ایس ایچ او کوہسار سمیت تمام ذمہ داروں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ اس سلسلے میں صحافتی قیادت سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر ہنگامی اجلاس طلب کریں اور تمام صحافی متحد ہو کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں۔