اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون میں ہونے والے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق دھماکا بظاہر گیس لیکیج کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوئے۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں تین مکانات مکمل طور پر تباہ جبکہ دو کو جزوی نقصان پہنچا۔
جاں بحق ہونے والوں کی زیادہ تر اموات ملبے تلے دبنے اور جھلسنے کے باعث ہوئیں۔
دھماکا صبح 7 بج کر 19 منٹ پر ہوا جبکہ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں 7 بج کر 37 منٹ پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے گیس پائپ لائن کنکشنز کے سیمپل جمع کر لیے گئے ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات کی مزید تصدیق کی جا سکے۔
گلی تنگ ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا رہا، تاہم ابتدائی مدد اہلِ محلہ نے فراہم کی، بعد ازاں ریسکیو ٹیموں نے آپریشن مکمل کیا۔
پولیس اور ریسکیو اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے جبکہ حفاظتی اقدامات کے تحت علاقے کی گیس اور بجلی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات عینی شاہدین اور متاثرہ افراد کے بیانات کی روشنی میں کی جائیں گی جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، فرانزک ٹیمیں اور گیس کمپنیاں مشترکہ طور پر تحقیقات آگے بڑھائیں گی۔