اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی نے اسلام آباد کے مصروف علاقے جی ٹین مرکز میں ایک غیر قانونی کال سینٹر پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 5 غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایجنسی کے مطابق گرفتار ملزمان پر الزام ہے کہ وہ جعلی کال سینٹرز کی آڑ میں پونزی اسکیموں کے ذریعے شہریوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کر رہے تھے۔
چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ کال سینٹر میں 60 سے زائد پاکستانی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھی کام کر رہے تھے، جنہیں مختلف بہانوں سے استعمال کیا جا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق، گرفتار افراد سے تفتیش کا عمل جاری ہے جبکہ ان کے سہولت کاروں کو بھی جلد قانون کی گرفت میں لانے کے لیے کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
ایجنسی نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک اسکیم یا کال سینٹر کی پیشکش پر فوری طور پر نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سے رابطہ کریں تاکہ مزید مالی نقصان سے بچا جا سکے۔