اسلام آباد: تھانہ لوہی بھیر پولیس کی کارکردگی پر سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید

اسلام آباد (حماد چوہدری) گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر تھانہ لوہی بھیر میں مبینہ جوا کھیلنے اور 21 لاکھ روپے ہڑپ کیے جانے سے متعلق چلنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او لوہی بھیر فواد خالد کی تعیناتی کے بعد علاقے میں جرائم کی شرح نمایاں طور پر کم ہوئی ہے۔ طویل عرصے سے چلنے والے مساج سینٹرز، جن پر غیرقانونی سرگرمیوں کے الزامات تھے، پولیس کارروائی کے نتیجے میں بند ہو چکے ہیں۔ ان کارروائیوں کے پیچھے ایک بڑا مافیا اور بااثر افراد ملوث تھے جو اب پولیس کے خلاف منفی مہم چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

اہلِ علاقہ کے مطابق ایس ایچ او فواد خالد نے چارج سنبھالنے کے بعد علاقے کو پرامن بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر آپریشنز کیے، جس سے ناجائز کاروبار اور منشیات فروشی تقریباً ختم ہوگئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے بحریہ ٹاؤن میں روزانہ جھگڑے عام تھے، تاہم اب امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق فواد خالد نے مختلف دباؤ اور ذاتی فوائد کی پیشکشوں کو رد کرتے ہوئے واضح مؤقف اختیار کیا کہ علاقے کو جرائم اور گندگی سے پاک کرنا ان کا مشن ہے۔ سخت بیماری کے باوجود انہوں نے اپنی ڈیوٹی انجام دی اور عوامی اعتماد حاصل کیا۔

اہلِ علاقہ نے ایس ایچ او فواد خالد اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو محفوظ بنانے کے لیے ان کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اچھے کام کے راستے میں ہمیشہ رکاوٹیں آتی ہیں، مگر پولیس کی موجودہ ٹیم ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔