اسلام آباد: ترلائی میں امام بارگاہ کے گیٹ پر دھماکا، متعدد ہلاک و زخمی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع ایک امام بارگاہ اسلام آباد ترلائی میں امام بارگاہ خدیجۃ الکبری  کے گیٹ پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔


دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر پمز، پولی کلینک اور سی ڈی اے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مین ایمرجنسی، آرتھوپیڈک، برن سینٹر اور نیورو ڈیپارٹمنٹ کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔


آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت اور زخمیوں کی حتمی تعداد سے متعلق سرکاری تصدیق سامنے نہیں آ سکی، تاہم پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اکٹھے کر رہے ہیں۔
تاحال کسی تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔