اراضی ریکارڈ سنٹر کہوٹہ میں اسسٹنٹ سروس آفیسر (ایس سی او ) کی کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کافی عرصے سے ایس سی او کی تعیناتی نہ ہونے کے باعث محدود عملہ پر اضافی بوجھ ہے،جس کے نتیجے میں سائلین کو معمولی کاموں کے لئے بھی کئی کئی گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اراضی کے فرد، انتقال، تصدیق اور دیگر ضروری امور کے لئے روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اراضی ریکارڈ سنٹر کا رخ کرتے ہیں، تاہم عملے کی کمی کے باعث بروقت کام نہیں ہو پا رہا۔ بزرگ شہریوں، خواتین اور دور دراز علاقوں سے آنے والے افراد کو خاص طور پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔شہریوں نے حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کہوٹہ میں فوری طور پر اسسٹنٹ سروس آفیسر سمیت اضافی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور سرکاری امور بروقت انجام پا سکیں۔