اتحاد، ایمان اور قربانی پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہیں: سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان

واہ کینٹ۔ سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ یہ ملک ہمارے لیے اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے جب یہ بنا تب بھی بڑی قربانیاں دی گئی اب 78سال میں اس کی حفاظت کے لیے افواج پاکستان دیگر ادارے اور عوام اپنی جانیں نثار کررہے ہیں،اگر آزادی کی قدر پوچھنی ہے تو مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں اور فلسطینیوں سے پوچھو، اتحاد، ایمان اور قربانی ہی پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہیں،یہ دن ہمیں اپنی آزادی کی قیمت اور اپنی ذمہ داری کا احساس دلاتا ہے، تاکہ ہم ایک مضبوط، خوشحال اور متحد پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے واہ کینٹ سیکرٹریٹ میں ملک عظمت محمود کی جانب سے یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

تقریب سے سابق ایم این اے منصور حیات خان،سابق ایم پی اے عمار صدیق خان،سابق امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ملک عظمت محمود نے بھی خطاب کیااس موقع پرسابق امیدوار برائے قومی اسمبلی سردار ممتاز خان،سید چن شاہ کاظمی،سید عاصم شاہ،ملک عابد محمود،فضل اکرم خان، ملک اورنگزیب،ملک جمیل،محمود الحسن بھی موجود تھے۔

شرکاء نے وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے 78ویں یومِ آزادی کا کیک کاٹا، جبکہ حاضرین نے“پاکستان زندہ باد”کے نعروں سے ماحول کو گرما دیا اس موقع پر خان گروپ کی قیادت، دوست احباب اور علاقہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔