آزاد کشمیر کی سیاست میں جوڑ توڑ عروج پر، مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)
آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں جوڑ توڑ اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نئی سیاسی بساط بچھانے میں کامیاب ہوگئی ہے جبکہ تحریک انصاف آزاد کشمیر کی ایک اور بڑی وکٹ گرنے کو تیار ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے وزیر جنگلات چوہدری اکمل سرگالہ آج مسلم لیگ ن میں باقاعدہ شمولیت اختیار کریں گے۔ اس حوالے سے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کی متحرک قیادت میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ مختلف حلقوں سے اہم شخصیات سے رابطے کیے جا رہے ہیں اور مسلم لیگ ن کی صفوں میں تیزی سے توسیع ہو رہی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ چوہدری اکمل سرگالہ کی شمولیت سے مسلم لیگ ن کو آزاد کشمیر میں نہ صرف سیاسی تقویت ملے گی بلکہ آنے والے انتخابات میں اس کے اثرات بھی دیکھنے کو ملیں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید بڑی شخصیات سے بھی رابطے جاری ہیں اور جلد اہم اعلانات متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں