
سویل آفریدی نوے ووٹوں سے خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب، علی امین گنڈاپور نے مبارکباد دی
پشاور (پنڈی پوسٹ) پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے امیدوار سہیل آفریدی کو صوبائی اسمبلی نے 90 ووٹوں کی واضح اکثریت سے وزیراعلیٰ منتخب کر لیا ہے۔ اسمبلی کے اجلاس میں کل چار امیدواروں نے وزارتِ اعلیٰ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم سہیل آفریدی نے واضح برتری حاصل کی۔سہیل آفریدی وہ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جن کا تعلق سابق فاٹا کے علاقے سے ہے۔ ان کا وزیراعلیٰ منتخب ہونا قبائلی عوام کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر علی امین گنڈاپور نے سہیل آفریدی کو دلی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صوبے کے عوام کی خدمت اور ترقی کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ نامنظور کیے جانے پر آئینی اور سیاسی حلقوں میں بحث جاری ہے۔ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 130(8) کے مطابق وزیراعلیٰ کا استعفیٰ گورنر کی منظوری کے بغیر بھی مؤثر تصور ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق گورنر کا استعفیٰ نامنظور کرنا آئینی دائرہ اختیار سے تجاوز ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق سہیل آفریدی کے وزیراعلیٰ بننے سے خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے، جہاں فاٹا کے عوام کو پہلی مرتبہ براہِ راست صوبائی قیادت کا موقع ملا ہے۔