تحریر: چوہدری محمد امیر خطہء پوٹھوہار کوقدرت نے بے شماروسا ئل اورحسن سے نوازاہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے یہاں کی زمین بہت زرخیزہےجس کی بدولت لوگ زراعت کے پیشہ سے منسلک ہیں۔یہاں نہ صرف گندم ،مکئی،باجرہ وافرمقدارمیں پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ خطہ پھلوں،سبزیوں کی پیداوارمیں بھی خودکفیل ہے۔ یہاں کی ندیاں،دریا،پہاڑ،درخت اور بیشمارقدرتی مناظرنہ صرف اہل پاکستان بلکہ غیرملکیوں کے لیے بھی سیاحت کا سبب ہیں۔اولیاء اللہ کے مزارات کی کثرت کے بدولت یہاں مقامی اوردوردرازکے لوگوں کا ہر وقت ہجوم رہتا ہے۔
تعلیمی،فنی،سماجی ،دفاعی اورسیاسی میدانوں میں یہاں کے لوگ اپنا منفردمقام رکھتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کی اکثریت افواج پاکستان سے منسلک ہے جو وطن عزیز کی سرحدوں کی محافظ ہے۔یہاں کے لوگ تعلیم یافتہ بھی ہیں جو مختلف شعبہ ہائے ذندگی میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔کھیل کے میدان میںیہاں کے لوگ بین الاقوامی شہرت یافتہ ہیں۔ کرکٹ، ہاکی، فٹبال، کبڈی، سنوکر، نیزہ بازی وغیرہ یہاں کے مشہورکھیل ہیں۔بہت سے لوگ سماجی و فلاحی سرگرمیوں میں مصروف ہیں اور اس سلسلہ میں بہت سی این جی اوز بھی کام کررہی ہیں۔سیاست کے میدان میں بھی یہاں کے لوگ لوکل،صوبائی سطح سے لیکر وفاقی سطح تک اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
پوٹھوہاری شعر نہ صرف پوٹھوہار بلکہ ملک سے باہر گلف ممالک ،انگلینڈ اور یورپ وغیرہ میں بھی جہاں پوٹھوہاری لوگ ہیں بہت شوق سے سنتے ہیں۔اس سلسلہ میں نہ صرف سی ڈی،کیسٹ وغیرہ کا سہارہ لیا جاتا ہے بلکہ شعرخوانوں کوپروگرام کے لیے بیرون ملک مدعو بھی کیا جاتا ہے۔عرس،میلوں،شادی بیاہ وغیرہ کی تقریبات پر محفل شعرخوانی کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔
خطہء پوٹھوہارسے متعلق مختصرمعلومات پیش کرنے کے بعداب ذیل میں میرے گاؤں پنجگراں سے متعلق مختصرمعلومات پیش کی جا رہی ہیں۔
میرا گاؤں پنجگراں ، پوٹھوہارکے دل اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس سے تقریباً چودہ کلومیٹر،کھنہ پُل سے دس کلومیٹراور ترلائی کلاں سے تین کلومیٹرفاصلہ پر لہتراڑروڈپرواقع ہے۔یہ گاؤں تقریباً پانچ سو گھروں پرمشتمل ہے۔ یہاں کی ساری آبادی مقامی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے اس گاؤں میں پانچ مساجد اوراولیاء اللہ کے پانچ مزارات ہیں۔مین روڈ پرفیڈرل گورنمنٹ گرلزہائرسیکنڈری سکول اینڈ کالج پنجگراں ہے جس میں دور ونزدیک کے بہت سے گاؤں سے طالبات پڑھنے آتی ہیں۔ اس کے علاوہ فیڈرل گورنمنٹ گرلزپرائمری سکول پنجگراں بھی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر میں فیڈرل کیپیٹل ماڈل سکول اینڈ کالج اورقاضی ماڈل سکول بھی علاقے کے طلباء و طالبات کے لیے تعلیمی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ ویلفئیرٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈٹریننگ سینٹر بھی ہے جس میں علاقہ کے طلباء و طالبات مفت ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرتے ہیں۔
گاؤں کے ذیادہ ترلوگ سرکاری اورپرائیویٹ نوکریاں کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ گاؤں کے لوگوں کی بڑی تعدادکا پیشہ ڈرائیوری ہے۔ہمارے گاؤں میں ٹیکسی اورسوزوکی تقریباً ہر دوسرے گھر میں موجودہے اوریہ لوگوں کے روزگار کا ایک اہم ذریعہ ہے۔میرے گاؤں کے بہت سے بیرون ملک روزگار کے سلسلہ میں مقیم ہیں۔ذیادۃ تر لوگ سعودی عرب،دبئی،امارات،اٹلی،یونان اور انگلینڈ میں برسرروزگار ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ قدرے خوشحال ہیں۔ ہمارے گاؤں کو بجلی،گیس،پانی ،پختہ گلیاں اور تمام بنیادی سہولتیں میسر ہیں۔
گاؤں کے لوگ مذہبی ہیں اوراکثریت نمازروزہ کی پابندہے۔بہت جوش وجذبہ سے عیدمیلادالنبیﷺمنائی جاتی ہے اس سلسلہ میں ہمارے گاؤں کی مساجد میں محافل منعقدکی جاتی ہیں اورپنجگراں میلاد کمیٹی کی طرف سے ایک پرخلوص جلوس بھی نکالا جاتا ہے۔ اولیاء اللہ کے مزارات پر عقیدت مند باقاعدہ حاضری کے لیے تشریف لاتے ہیں۔سالانہ عرس کی تقریبات بھی منعقد کی جاتی ہیں۔
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے میرے گاؤں میں پڑھے لکھے لوگ بہت ذیادہ ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔ یہا ں بلکل امن ہے لوگ خوش باش ذندگی گزار رہے ہیں۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یا اللہ پاک میرے گاؤں سمیت پورے پاکستان کو امن کا گہوارہ بنا دے اور اسلام کو سربلندی عطافرما۔آمین یارب العالمین{jcomments on}