اسلام آباد –
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی پر اپنا واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے اسرائیل کی کھلی اشتعال انگیزیوں اور جارحانہ کارروائیوں کی دوٹوک الفاظ میں مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ:
“اسرائیلی جارحیت اور اشتعال انگیزی پوری خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ اور شدید تشویش کا باعث ہیں۔”
ترجمان نے زور دیا کہ یہ وقت عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے لیے آزمائش کا ہے، اور ان پر لازم ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا تحفظ کریں اور انسانی حقوق کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
“اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے اور حملہ آور کو جوابدہ ٹھہرایا جائے،” ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری اسرائیلی حملوں کا نوٹس لے اور متاثرہ فریقین کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔