وزیر داخلہ محسن نقوی کا عظیم سپاہی لانس نائیک محمد محفوظ شہید کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد:وزیر داخلہ محسن نقوی نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے عظیم سپاہی لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی بے مثال جرات، بہادری اور قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے 1971 کی جنگ میں دشمن کے خلاف غیر معمولی دلیری اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسی تاریخ رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے انتہائی خطرناک مشن کو غیر معمولی حوصلے اور بے خوفی کے ساتھ مکمل کیا، جس کے نتیجے میں محاذِ جنگ کا نقشہ بدل گیا اور دشمن کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔محسن نقوی کے مطابق،“لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی عظیم قربانی پاک فوج کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی روشن مثال ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ محمد محفوظ شہید جیسی عظیم شخصیات قوم کے لیے حوصلے، عزم اور قربانی کی علامت ہیں اور آنے والی نسلیں ان کی بہادری سے رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے ان عظیم سپوتوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔