سالانہ عرسِ مبارک: مفکرِاسلام ڈاکٹرپیرسیدعبدالقادرجیلانیؒ کی دینی وعلمی خدمات کوخراجِ عقیدت پیش

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز): آستانہ عالیہ قادریہ جیلانیہ حسینیہ شریف کہوٹہ روڈ اسلام آباد میں مفکرِ اسلام حضرت ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر جیلانی علیہ الرحمہ کا سالانہ عرسِ پاک نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعتِ رسول مقبولؐ پیش کر کے کیا گیا۔

عرسِ مبارک کی باوقار تقریب کی صدارت جانشینِ مفکرِ اسلام حضرت پیر سید علی امام جیلانی نے کی۔ اس موقع پر ملک بھر سے جید علماءِ کرام، مشائخِ عظام اور ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

تقریب میں آستانہ عالیہ گولڑہ شریف سے پیر سید علی جنید الحق شاہ گیلانی، پیر طریقت سید مظہر حسین شاہ گیلانی، آستانہ عالیہ محدث علی پور شریف سے پیر سید منور شاہ صاحب جماعتی، پیر طریقت علامہ سید شاہ حسین گردیزی، پیر سید چن پیر بادشاہ گیلانی، علامہ سید ڈاکٹر صداقت شاہ بخاری، پیر طریقت سید ریاض حسین شاہ، علامہ سید طیب شاہ گیلانی، علامہ پیر سید شمس الرحمن صاحب مشہدی، پیر سید عظمت حسین شاہ گیلانی، پیر سید شبیر حسین شاہ گیلانی، علامہ سید ساجد شاہ صاحب گیلانی، پیر سید جابر شاہ کاظمی، مفتی اشرف چشتی صاحب گولڑوی، علامہ ڈاکٹر آصف ہزاروی، قاضی عبدالعزیز چشتی (یو کے)، ڈاکٹر عزیز حیدر قادری، مفتی اکرام اللہ زاہد، مفتی علامہ عبدالقادر صاحب قادری (بہاول نگر)، علامہ محمود عباسی اور علامہ امین سیالوی سمیت دیگر ممتاز علمی و روحانی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔

مقررین و علماءِ کرام نے مفکرِ اسلام ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر شاہ گیلانی علیہ الرحمہ کی 90 سالہ حیاتِ مبارکہ اور ان کی بے مثال دینی، علمی و روحانی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ پیر صاحبؒ نے برطانیہ کی سرزمین سے لے کر پاکستان تک اشاعتِ اسلام کا جو عظیم سلسلہ شروع کیا، اس کے اثرات آج بھی نمایاں ہیں اور ان کے ہزاروں تلامذہ مختلف مساجد و مدارس میں دینی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

مقررین نے خاص طور پر عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ اور دفاع کے سلسلے میں حضرت پیر صاحبؒ کی تاریخی و گراں قدر خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ان کی سرفروشی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور بالخصوص امتِ مسلمہ کی اتحاد و ترقی کے لیے رقت انگیز دعائیں کی گئیں۔