گلاس ٹرین اسلام آباد سے مظفرآباد تک چلانے پر اتفاق


اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ )مریم نواز نے مری اور گردونواح میں سیاحت، صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اہم منصوبوں کی منظوری دے دی۔اعلامیے کے مطابق بھوربن میں 50 بیڈز پر مشتمل جدید ہسپتال قائم کیا جائے گا تاکہ مقامی آبادی اور سیاحوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

مری میں جدید ٹرانسپورٹ کے فروغ کے لیے گلاس ٹرین پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو لیک ویو پارک سے مری بس اسٹینڈ تک تقریباً 40 کلومیٹر طویل روٹ پر چلے گی۔ اس منصوبے کو مزید توسیع دے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مظفرآباد تک لے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے، جس سے سیاحت اور بین الصوبائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔

شہری خوبصورتی اور منظم ترقی کے پیش نظر مری میں ایک ہی مخصوص مقام پر معیاری ہوٹلز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید ہوٹل کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا تاکہ بے ہنگم تعمیرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔

مزید برآں، مری میں سہ منزلہ عمارتیں ہٹا کر پارکس اور گرین ایریاز بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اپر جھیکا گلی میں بھی سہ منزلہ عمارتیں ہٹا کر سڑک کی توسیع کی جائے گی۔ اسی طرح مال روڈ، ہال روڈ اور امتیاز شہید روڈ پر بھی سہ منزلہ عمارتیں ہٹانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

حکومت نے راولپنڈی مری و کشمیر روڈ کو اسٹیٹ آف دی آرٹ شاہراہ بنانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا ہے، جس سے سیاحوں کو محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔