راولپنڈی(نمائندہ پنڈی پوسٹ)انڈسٹریل اسٹیٹ روات میں واقع ایک ٹیکسٹائل فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 راولپنڈی کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹنگ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔ ابتدائی طور پر 10 ایمرجنسی گاڑیوں اور 30 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا۔
آگ کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافی نفری اور فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے، جبکہ ضلع بھر کے ریسکیو فائر فائٹرز کو الرٹ کر کے موقع پر روانہ کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 21 ایمرجنسی گاڑیاں اور 80 سے زائد ریسکیو اہلکار حصہ لیتے رہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ فیکٹری کے اندر موجود ٹیکسٹائل میٹریل اور دیگر آتش گیر سامان کی بڑی مقدار کی وجہ سے تیزی سے پھیلی۔ عمارت کا رقبہ 8 کنال سے زائد پر محیط ہے۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ وارانہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ آگ بجھانے کے لیے ریسکیو سنارکل بھی آپریشن میں شامل کی گئی۔
فائر فائٹنگ آپریشن میں بحریہ فائر سروس، اسلام آباد فائر سروس اور واسا راولپنڈی نے بھی معاونت فراہم کی جبکہ قریبی اضلاع سے بھی فائر ٹینڈرز اور عملہ طلب کیا گیا۔ شدید آگ اور طویل دورانیے کی وجہ سے عمارت میں دراڑیں پڑنے اور گرنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تھا، جس کے باعث فائر فائٹنگ کا عمل محفوظ فاصلے سے جاری رکھا گیا۔
آگ بجھانے کے لیے مسلسل فوم ملا پانی استعمال کیا گیا اور آپریشن کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 4 لاکھ لیٹر سے زائد پانی استعمال ہوا۔ 13 گھنٹے کے مسلسل آپریشن کے بعد آگ پر 75 فیصد قابو پا لیا گیا جبکہ 16 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا۔ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے کہا کہ صنعتی یونٹس اور فیکٹری مالکان فائر سیفٹی انتظامات کو یقینی بنائیں، فائر الارم سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ، آگ بجھانے والے آلات اور پانی کے مناسب انتظام کو فعال حالت میں رکھیں۔ برقی و گیس تنصیبات کی باقاعدہ جانچ کروائیں اور عملے کو فائر سیفٹی اور ایمرجنسی رسپانس کی تربیت فراہم کریں تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر ریسکیو راولپنڈی محمد عثمان گجر کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت رسپانس اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے آگ کو پھیلنے سے روکا۔ تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ شہری کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دیں۔