گوجرخان میں چندایسے شعرا بھی موجود تھے جو اپنے شعری مجموعوں کی کتابت بھی خود ہی کیا کرتے تھے

تحریر:فیصل عرفان
اپنی زیر طبع کتاب ”خوش نویسان گوجر خان“کے لیے مواد کی جمع آوری کے دوران معلوم ہوا کہ کمپیوٹر کی آمد سے قبل گوجرخان میں چندایسے شعرا بھی موجود تھے جو اپنے شعری مجموعوں کی کتابت بھی خود ہی کیا کرتے تھے،مزید تحقیق کرنے پر پتا چلا کہ راجہ ولایت اظہر نے6،حاجی محراب خاورنے 15 اورمحمد حنیف حنفی نے اپنی 16کتابوں کی کتابت خود کی تھی۔تینوں شعراکی کتابوں کی تفصیل حسب ذیل ہے:


راجہ ولایت اظہر(للیال/گوجر خان)
پنجابی شاعراورمترجم ولایت اظہر ولد راجا منصب داد 8اگست 1934 کوللیال نزد سکھو میں پیدا ہوئے، استاد سخن غلام نبی اختر(ترلائی کلاں /اسلام آباد) تھے،پیر عبد اللہ شاہ نقشبندی(بھنگالی/گوجرخان)کے ہاتھ پر بیعت کررکھی تھی۔ 15جون 2017 کو وفات پائی اور للیال میں ہی تدفین ہوئی،آپکے شعری مجموعوں میں گہریاں شاماں،زندگی، نقوش اقبال،گل پھُل ورگی، طرحی، چٹھی شہباز نوں، ناں سائیں دا(زیر طبع) شامل ہیں۔ولایت اظہرنے اپنی تمام کتب کی کتابت خود کی تھی

(1)۔ولایت اظہر کی کتابوں ”گل پُھل ورگی“ اور”زندگی“پر سن اشاعت نہیں لکھا،”گہریاں شاماں“ کاسال اشاعت 1988،چِٹھی شہباز نوں کی اشاعت اول مئی2010 ہے،چِٹھی شہباز نوں کا سر ورق(ٹائٹل) بھی ولایت اظہر نے خود بنایا تھا۔


محراب خاور(جٹال/گوجر خان)
پنجابی کے معروف شاعر اور مترجم محراب خاور 31جنوری 1944کو مندرہ چکوال روڈ پر تحصیل گوجر خان کے گاؤں جٹال میں پیدا ہوئے،آپکی مطبوعہ کتب کی تعداد 50کے لگ بھگ ہے،آپ نے اپنی پہلی چار کتابوں کی کتابت خود کی ہے،جن میں لعلاں دی کان(جون1989)،گُجھے سیک (دسمبر1989)،سانجھے دل (جنوری 1990) اور خاک و افلاک (جنوری 1990) شامل ہیں (2)۔ نایاب خاور ایڈوکیٹ کی جانب سے راقم کو فراہم کردہ مطبوعات محراب خاور کی2مختلف فہرستوں میں محراب خاورکی پہلی کتاب کے طور پر ”لعلاں دی کان“کا اندراج ہے

جبکہ معروف محقق حسن نواز شاہ نے اپنی کتاب ”تذکرہ علمائے گوجر خان“میں حاجی محراب خاور کے تذکرہ میں پہلی کتاب کے طور پر ”حضرت پیر سید صابر شاہ(مارچ 1989)کا اندراج کیا ہو اہے(3)۔مضمون حتمی مراحل میں داخل تھا تو حسن نواز شاہ نے محراب خاور کی اپنی 11مزید کتابوں کی بھی نشاندہی کی جو انہوں (محراب خاور) نے کتابت کی تھیں،

جن میں طلوع سحر(دسمبر1993)۔برگ گل(مارچ1990)۔پیام سروش(مارچ1993)۔ناز ونیاز(فروری1990)۔سلطان الاولیاء(مارچ1994)۔بازگشت(جون1994)۔شاخِ آشیاں (اکتوبر1994)۔روشن سویرے(دسمبر1994)۔افکارِ اقبال(ستمبر1995)۔افکارِرومی(نومبر1995)اورنقش ِفرجام(جون1998) شامل ہیں

(4)
حنیف حنفی (چنگا میرا /گوجر خان)
تحصیل گوجر خان کے گاؤں چنگا میرا سے تعلق رکھنے والے پنجابی کے معروف شاعر اور نثر نگار محمد حنیف حنفی (پ:6جون 1952)نے اپنی 16کتب کی کتابت خود کی ہے،بعد میں یہ 16کتب ”دیوان حنفی“میں بھی شامل کی ہیں،اسکے علاوہ انہوں نے بعض دیگر شعرا دوستوں کی کتابیں بھی کتابت کی ہیں،

کتابت کردہ کاپیاں (مسطر) میں جوڑ کر خود پریس لے جاتے،وہاں سے پلیٹیں تیار کرواتے اور 500یا ہزارکی تعداد میں کتاب شائع کروا دیتے تھے۔فن کتابت میں انکے استاد یونس کمال نوشاہی ہیں جو بعد ازاں قریبی دوستوں میں بھی شامل ہوگئے۔حنیف حنفی کی اپنی کتابت کردہ 16کتابوں میں 1:سچیاں گلاں (اشاعت اول1989)۔2:ڈوہنگیاں سوچاں (جون1989)۔3:فقردِی اَکھ(اشاعت اول 1991)۔4:روح دارشتہ(اشاعت اول مئی 1991)۔5:کُجھ تے سوچ(اشاعت اول فروری1992)۔6:دل دا شیشہ (اشاعت اول اگست 1991)۔7:عقل تے عشق(اشاعت اول ستمبر1990)۔8:عشق دا سفر(اشاعت اول دسمبر1998)۔9:اکھ دا چانن(اشاعت اول 1993)۔10:روح دی سیر(اشاعت اول فروری1990)۔11:طوطے داپیغام (اشاعت اول 1990)۔12:یاداں حصہ اول/دوئم(اشاعت اول جون 1993)۔13:دل دا شہر حصہ اول/دوئم(اشاعت اول 1990)۔14:حرفِ سریر،90کافیاں (اشاعت اول 1984-85)۔15:حضور دا کرم(اشاعت اول دسمبر1996)۔16:اندر دی کوک(اشاعت اول دسمبر1995) شامل ہیں (5)۔
حوالہ جات
1:حسن نواز شاہ،راقم سے تحریری مکالمہ،نڑالی،07فروری2026
2:نایاب خاور ایڈوکیٹ،راقم سے تحریر ی مکالمہ،گوجر خان،29جنوری2026
3:تذکرہ علمائے گوجر خان،حسن نواز شاہ،نڑالی،مخدومہ امیر جان لائبریری،ص،341،اگست 2025
4:حسن نواز شاہ،راقم سے تحریری مکالمہ،نڑالی،08فروری2026
5:حنیف حنفی،راقم سے تحریر ی مکالمہ بوساطت قمر محمود عبداللہ،چنگا میرا،22جنوری2026
۔۔۔۔۔۔