گوجرخان: جوئے کے اڈے کے خلاف پولیس کی بڑی کارروائی، 12 ملزمان گرفتار، نقدی و موبائل فونز برآمد
اےایس پی گوجرخان سید دانیال حسن کی خصوصی ہدایات پر اور ایس ایچ او گوجرخان طیب ظہیر بیگ کی براہِ راست نگرانی میں تھانہ گوجرخان پولیس نے جوئے کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ کے قریب واقع نجی ہاؤسنگ اسکیم ٹیمبر سٹی کے دفتر میں قائم جوئے کے اڈے پر کامیاب چھاپہ مارا، جہاں سے 12 افراد کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔پولیس کے مطابق اے ایس آئی اظہر عباس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ مذکورہ مقام پر بڑے پیمانے پر جوئے کی محفل جاری ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے موقع پر چھاپہ مارا۔ پولیس کی اچانک آمد پر ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام افراد کو قابو کر لیا۔
گرفتار ہونے والے ملزمان میں فہد سلیم، امان اللہ، راجہ نصیر، عمران ولد اسحاق، خرم شہزاد، حمزہ، سفیان، مطیع الرحمن، شہزاد احمد، محمد مسکین، منیر احمد اور فہیم الحق شامل ہیں۔چھاپے کے دوران پولیس نے موقع سے جوئے کے داؤ پر لگی 42 ہزار 700 روپے نقدی، 13 عدد اسمارٹ موبائل فونز اور تاش کی گڈیاں سمیت دیگر سامان برآمد کر کے قبضے میں لے لیا۔پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف پنجاب پریوینشن آف گیمبلنگ آرڈیننس 1978 کی دفعات 6 اور 7 کے تحت مقدمہ نمبر 68/26 درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی ایس ایچ او گوجرخان طیب ظہیر بیگ نے اسی جوئے کے اڈے پر کارروائی کی تھی، اس دوران ملزمان کو گرفتار کر کے گوجرخان بازار سے پیدل لا کر پیش کیا گیا تھا اور اس کارروائی کی ویڈیو بھی بنائی گئی تھی۔ اس کے باوجود ملزمان نے دوبارہ اسی مقام پر جوئے کی سرگرمیاں شروع کر دی تھیں، جس پر پولیس نے ایک بار پھر سخت کارروائی عمل میں لائی۔
اس موقع پر اے ایس پی گوجرخان سید دانیال حسن اور ایس ایچ او گوجرخان طیب ظہیر بیگ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ گوجرخان میں کسی صورت جوئے یا دیگر سماجی برائیوں کو پنپنے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا