راولپنڈی پیر عبدالقادر شاہ جیلانیؒ کے صاحبزادے سید امام علی جیلانی پر قاتلانہ حملہ کیا گیا ہے،جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ سید امام علی جیلانی شدید زخمی ہو گئے ذرائع کے مطابق واقعہ مغل پڑی نکہ کے مقام پر تھانہ روات کی حدود ضلع راولپنڈی میں پیش آیا،جہاں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے سید امام علی جیلانی کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ایک نوجوان شفقت محمود ولد غضنفر سکنہ بھمبر تراڑ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ سید امام علی جیلانی شدید زخمی ہو گئے سید امام علی جیلانی کو زخمی حالت میں فوری طور پر راولپنڈی منتقل کر دیا گیا

فائرنگ کے واقعے کا سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے نوٹس لے لیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جان بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شہری کی نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز اور دیگر پولیس افسران نے ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزم یا ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔