انڈس پریمیئر لیگ سیزن 9 کا فائنل، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کہوٹہ نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

انڈس پریمیئر لیگ سیزن 9 کا فائنل گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کہوٹہ اور بوائز ہائی سکول سمنبلاہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کہوٹہ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ جیت لیا۔ سیزن 9 میں مجموعی طور پر 36 ٹیموں نے حصہ لیا، جس سے ایونٹ کی مقبولیت اور اہمیت میں اضافہ ہوا۔
فائنل میچ کے اختتام پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ڈاکٹر محمد عارف قریشی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد عارف قریشی نے انڈس گروپ آف کالجز کی انتظامیہ کو شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل موبائل فون کے بے جا استعمال کی طرف مائل ہو رہی ہے، جس سے نجات کے لئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔ کھیل نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں اور صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر انڈس گروپ آف کالجز کی انتظامیہ کی جانب سے تمام معزز مہمانوں، کھلاڑیوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف غوری ، ملک عنایت الرحمن اور حسن ظہیر راجہ نے بتایا کہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ بہت جلد والی بال لیگ کے انعقاد کا بھی منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔