دھیرکوٹ آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سابق چیف انجینئر اغواء

دھیرکوٹ (نمائندہ خصوصی)
آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ سے تعلق رکھنے والے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کے سابق چیف انجینئر راجہ مشتاق کو کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے مسلح ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا ہے۔

اغواء کے بعد ڈاکوؤں کی جانب سے راجہ مشتاق کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے، جس میں وہ جسمانی تشدد کے واضح نشانات کے ساتھ تاوان کی ادائیگی کے لیے فریاد کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو بیان میں راجہ مشتاق نے سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ایوب سمیت دیگر بااثر شخصیات سے اپیل کی ہے کہ ان کی رہائی کے لیے تین کروڑ روپے تاوان کی رقم ادا کی جائے۔

ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد اہل خانہ شدید ذہنی کرب میں مبتلا ہیں جبکہ اغواء کی خبر علاقے میں خوف و ہراس پھیلنے کا باعث بنی ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور اغواء میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مغوی کی بحفاظت رہائی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔