اوکاڑہ:وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن “انصاف کی فراہمی دہلیز تک” پر مؤثر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے ضلع کے مختلف علاقوں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کر کے عوامی مسائل کے فوری حل کی عملی مثال قائم کر دی۔ڈی پی او راشد ہدایت کی جانب سے رورل ہیلتھ سینٹر شاہبور، تھانہ کینٹ اور اظہر ریزیڈنس میں الگ الگ مقامات پر کھلی کچہریاں منعقد کی گئیں، جہاں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل بلا خوف و جھجک اعلیٰ پولیس افسران کے سامنے رکھے۔کھلی کچہریوں کے دوران ڈی پی او نے شہریوں کی شکایات کو نہایت توجہ سے سنا اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری اور واضح احکامات جاری کیے۔ پولیس سے متعلق شکایات، لینڈ ڈسپیوٹس، تھانہ سطح کے مسائل اور دیگر عوامی امور پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعدد درخواستوں کو موقع پر حل کیا گیا۔ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم رکھنا اور شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس عوام کی خادم ہے اور شہریوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔شہریوں نے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کو براہِ راست انصاف مل رہا ہے اور پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔