کلرسیداں میں سٹی ٹریفک پولیس کے جدید پولیس خدمت مرکز لائسنسنگ سینٹر کے قیام کے لیے شہری نے تجویز اعلی حکام کو ارسال کردی، ٹریفک پولیس حکام نے معاملہ ڈسٹرکٹ پولیس حکام کو ارسال کردیا، سابقہ حکومت کے دور میں قائم کیے گئے وزیر اعظم پورٹل پر شہری نے اعلیٰ حکام کی توجہ کلر سیداں لائسنسنگ سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنی کی طرف دلائی ہے، جہاں لائسنسنگ سینٹر میں ٹریفک لائسنس کے حصول و دیگر امور کے لیے آنے والے شہریوں کے لیے بیٹھنے سمیت دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کی طرف توجہ دلائی گئی ہے، مزید روڈ ٹیسٹ کے لیے موزوں ٹریک کی تیاری حوالے سے بھی معاملہ اٹھایا گیا ہے تاکہ ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے، سابقہ چیف ٹریفک آفیسر ایس پی بینش فاطمہ کی نگرانی میں تحصیل گوجرخان میں جدید پولیس خدمت مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی حکام نے پولیس خدمت مراکز کے انتظامی امور کو ضلعی پولیس کا دائرہ اختیار قرار دیتے ہوئے معاملہ سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی کو ارسال کردیا۔ کلرسیداں کے شہریوں نے سٹی پولیس آفیسر سید خالد محمود ہمدانی سے معاملے پر پیش رفت کرتے ہوئے کلرسیداں میں بھی جدید خطوط پر استوار پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لیے احکامات جاری کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔