کہوٹہ میں پنجاب پراپرٹی پروٹیکشن آرڈیننس کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ و ممبر ڈسٹرکٹ ریزولوشن کمیٹی ایوشہ ظفر نے موضع بٹالہ میں درخواست گزار ساجد جنجوعہ کی درخواست پر قبضہ واگزار کراتے ہوئے زمین ان کے حوالے کر دی۔تفصیلات کے مطابق حلقہ پٹواری اور گرداور عامر حسین نے موقع پر سرکاری ہدایات کے مطابق کارروائی کی اور ناجائز قبضہ ختم کراتے ہوئے زمین واگزار کرائی۔ اس موقع پر متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر کہوٹہ ایوشہ ظفر کا کہنا تھا کہ ناجائز قبضہ جات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا اور شہریوں کے جائز حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ناجائز قبضے کی صورت میں متعلقہ فورم سے رجوع کریں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
