صفائی ورکر نے 9 لاکھ روپے واپس کر کے امانت داری کی مثال قائم کر دی

فیصل آباد کے علاقے نگر بان پورہ میں صفائی کے دوران صفائی ورکر نصرت بی بی کو کوڑے میں ایک پیکٹ ملا جس میں 9 لاکھ روپے کی نقد رقم موجود تھی۔ نصرت بی بی نے رقم دیکھتے ہی بغیر کسی تردد کے اپنے افسر کو اطلاع دی اور پیکٹ فوری طور پر کمپنی کے دفتر جمع کرا دیا۔

تحقیق کے بعد پتہ چلا کہ یہ رقم گلی ہی کے ایک رہائشی کی تھی جو گھر کی صفائی کے دوران غلطی سے کوڑے میں پھینک دی گئی تھی۔ رقم اصل مالک کے حوالے کر دی گئی جس نے نصرت بی بی کی ایمانداری پر حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس میں ان کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی جہاں رقم کے مالک نے انہیں ایک لاکھ روپے انعام دیا۔ صفائی کمپنی نے بھی ایک لاکھ کا انعام پیش کیا جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ایک لاکھ روپے کے ساتھ ساتھ نصرت بی بی کے بیٹے کو ملازمت دینے کا اعلان بھی کیا۔

شہریوں نے نصرت بی بی کے اس کردار کو حقیقی امانت داری اور دیانت کی روشن مثال قرار دیا۔