چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے پنجاب میں کم عمر ڈرائیونگ کرنے والے بچوں کی گرفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو فوری طور پر ایسی تمام کارروائیاں روکنے کا حکم دے دیا۔ عدالت میں سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ کم عمر ڈرائیونگ یقیناً قانون شکنی ہے، تاہم بچوں کو گرفتار کرنا مسئلے کا حل نہیں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ہدایت کی کہ پولیس سب سے پہلے اگاہی مہم چلائے، والدین کو ذمہ داری کا احساس دلایا جائے اور عوام کو بتایا جائے کہ کم عمر ڈرائیونگ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ جان لیوا حادثات کا سبب بھی بن سکتی ہے۔
عدالتی حکم کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ پنجاب پولیس کم عمر ڈرائیونگ کے حوالے سے حکمتِ عملی پر ازسرِنو غور کرے گی اور گرفتاری کی بجائے تعلیم و آگاہی کو اولین ترجیح دے گی۔